امریکی تحقیق کے مطابق انڈے میں موجود سلینیم جسمانی دفاع نظام کو سپورٹ کرکے تھائی رائیڈ ہارمون کو ریگولیٹ کرتی ہے جس سے مختلف امراض سے تحفظ ملتا ہے
انڈے میں 212 ملی گرام کولیسٹرول پایا جاتا ہے، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ جسم میں ‘برے’ کولیسٹرول کی سطح کو بڑھانے کا کام کرتا ہے۔ جسم خود بھی کولیسٹرول بنانے کا عمل مسلسل جاری رکھتا ہے اور ایک تحقیق کے مطابق انڈے ہماری کولیسٹرول پروفائل کو بہتر بنانے کا کام کرتے ہیں اور اچھے کولیسٹرول کی سطح کو بڑھاتے ہیں۔
وٹامن بی صحت مند جلد، بالوں، آنکھوں اور جگر کے لیے ضروری مانا جاتا ہے جبکہ انڈے اس وٹامن کے ساتھ ساتھ وٹامن بی فائی اور بی 12 سے بھی بھرپور ہوتے ہیں جو اعصابی نظام کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ انڈے دماغی غذا بھی قرار دیئے جاتے ہیں۔ ایک برطانوی تحقیق کے مطابق انڈوں میں شامل جز کولین دماغی صحت کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ اس کی کمی مختلف دماغی امراض اور افعال کی کارکردگی میں تنزلی لانے کا باعث بنتی ہے۔
انڈوں میں ایسے ضروری امینو ایسڈز موجود ہوتے ہیں جو جسم کے لیے ضرورت ہوتے ہیں اور ان کی کمی سے ذہن پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انڈوں کا استعمال ذہنی تناؤمیں نمایاں کمی لانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ انڈے وٹامن ڈی فراہم کرنے والی چند غذاؤں میں سے ایک ہیں جو کہ صحت کے ساتھ ساتھ ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی کے لیے ضروری وٹامن ہے۔ انڈوں سے کیلشیئم کو جذب کرنے میں بھی مدد ملتی ہے اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں یہ جز ہڈیوں اور دانتوں کے لیے کتنا ضروری ہے۔اگر آپ انفیکشنز، وائرسز اور امراض سے تحفظ چاہتے ہیں تو روزانہ ایک انڈہ کھانا چاہئے۔